ایران میں کورونا وائرس :پاکستان نے تفتان کی سرحد عارضی طور پر بند کردی

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ صوبے کی سرحدی علاقوں سے تاحکم ثانی کسی کو بھی ایران جانے کی اجازت نہیں دے گی۔ بلوچستان حکومت نے وفاقی حکومت سے اپیل کی ہے وہ ایرانی حکومت سے رابطہ کرکے ان پانچ ہزار زائرین کو اس وقت تک پاکستان نہیں بھیجے جب تک ان کی 14یوم کی کوارنٹین کی مدت پوری نہیں ہوجاتی۔یہ باتیں حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ چیف سیکریٹری بلوچستان فضیل اصغر کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی ۔
لیاقت شاہوانی نے کہا کہ بلوچستان سے ایران آمدورفت کے پانچ پوائنٹس ہیں ۔ بلوچستان حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ان تمام پوانٹس کے علاوہ دیگر سرحدی علاقوں سے کسی کو بھی تاحکم ثانی ایران جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں وفاقی حکومت کے علاوہ دیگر صوبائی حکومتوں کو مراسلہ تحریر کرکے درخواست کی گئی ہے کہ وہ بلوچستان حکومت سے تعاون کریں اور وہاں کے جو شہری ہیں ان کو اس وقت تک ایران جانے سے روکیں جب تک کورونا وائرس کے حوالے سے ایران میں صورتحال ٹھیک نہیں ہوتی ۔انہوں نے بتایا کہ بلوچستان حکومت نے سرحدی حکام کو سختی سے تاکید کی ہے وہ کسی کو بھی ایران جانے کی اجازت نہ دیں۔لیاقت شاہوانی نے کہا کہ سرحدی شہر تفتان میں ایران جانے کے لیے جو 98 زائرین اور دیگر افراد موجود تھے ان کو بھی روک دیا گیا ہے اور انہیں واپس ان کے علاقوں میں بھیج دیا جائے گا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں