الہ آباد کے امردوں کی ایک خاص بات یہ ہے کہ یہاں کے امردو سیب کی طرح سرخ ہوتے ہیں ۔ سرخ امرود یہاں کے خاص وعام کا مرغوب پھل ہے الہ آبادی سرخ امرودوں کا موسم مختصر ہوتا ہے ۔ موسم سرما میں دسمبر سے فروری تک ہی سرخ امردوں کی پیدا وار ہوتی ہے ۔ عام طور سے بازار میں فروخت ہونے والے امرود اندر سے سرخ یا گلابی ہوتے ہیں۔ لیکن الہ آباد میں کاشت ہونے والے امرود سیب کی طرح سرخ اور ذائقے میں نہایت شیریں ہوتے ہیں-سرخ ہونے کے ساتھ ساتھ الہ آباد کے امرودوں کی ایک خاص خوشبو بھی ہوتی ہے ۔ اس کی مٹھاس بھری خوشبو اتنی تیز ہوتی ہے کہ اگر امرود کی ایک قاش کمرے میں رکھ دی جائے تو پورا کمرہ میٹھی خوشبو سے مہک اٹھتا ہے ۔یو ں تو سرخ امرود کی کاشت پورے الہ آباد میں ہوتی ہے۔ لیکن الہ آباد کا تاریخی مغل گارڈن خسرو باغ میں پیدا ہونے والے امرود اپنے ذائقے اور خوشبو کی وجہ سے خاص طور سے پسند کئے جاتے ہیں ۔ خسرو باغ میں کاشت ہونے والے سرخ امرود دنیا بھر میں مشہور ہیں ۔
